5 نومبر 2014 - 13:14
سعودی عرب، شیعہ عزاداروں پر فائرنگ کے واقعہ کے بعد جھڑپ میں چار افراد ہلاک+تصویر

سعودی عرب میں عاشور کے روز عزاداروں پر شدت پسندوں کی فائرنگ اور سات عزاداروں کی شہادت کے واقعہ کے بعد سیکورٹی افراد کے ساتھ جھڑپ میں چار افراد ہلاک ہو گئے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق  منگل کے روز مشرقی صوبے الاحساء گورنری کے الدالوہ قصبے میں امام بارگاہ پر مشین گنوں سے مسلح شدت پسندوں کی فائرنگ کے نتیجے میں سات افراد کی شہادت اور نو افراد کے زخمی ہونے کے بعد حکام نے بڑے پیمانے پر تفتیش کا آغاز کیا۔

منگل ہی کو دارالحکومت ریاض کے شمال میں بریدہ شہر میں مسلح شدت پسندوں اور سیکورٹی اہکاروں کے درمیان جھڑپ کے دوران دو شدت پسند اور دو سیکورٹی اہکار ہلاک ہو گئے۔

پولیس نے کئی مقامات پر چھاپوں کے دوران پندرہ افراد کو حراست میں بھی لیا ہے۔

منگل ہی کے روز ایک کارروائی میں الدالوہ واقعے میں ملوث ہونے کے شبے میں حراست میں لیے گئے شدت پسندوں کی نشاندہی پر جب پولیس نے بریدہ شہر کی المعلمین کالونی کے ایک مکان پر چھاپہ مارا تو وہاں موجود مسلح شدت پسندوں سیکورٹی اہکاروں پر فائرنگ شروع کر دی۔

فائرنگ کے تبادلے میں دو مسلح شدت پسند اور دو سیکورٹی اہکار ہلاک اور کئی زحمی ہو گئے۔

سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان میجر جنرل منصور الترکی نے کہا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے ریاض، الحساء، الخبر اور مشرقی صوبے کے کئی مقامات پر چھاپے مارے ہیں اور فائرنگ کے واقعہ میں ملوث مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے۔

خیال رہے کہ سعودی عرب میں وہابی شدت پسند کہ جن کا حکومت میں دبدبہ ہے، شیعہ مسلمانوں پر حملے کرتے ہیں اور ان کے حقوق کی پامالی کو اپنا حق سمجھتے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169